سری نگر،16 مارچ:سری نگر کے نوگام علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی میں لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ٹی آر ایف سے وابستہ تین مقامی جنگجو مارے گئے۔
کشمیر زون پولیس کے انپسکٹر جنرل وجے کمار نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے منگل کی رات دیر گئے نوگام علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران رات کے قریب دو بجے فائرنگ شروع ہوگئی لیکن ہم نے آپریشن کو روک لیا اور پہلے عام شہریوں کو باہر نکالا۔
موصوف آئی جی پی نے کہا کہ اس تصادم آرائی کے دوران لشکر طیبہ کے تین مقامی جنگجو مارے گئے۔
انہوں نے مہلوک جنگجوؤں میں سے دو کی شناخت عادل تیلی اور ثاقب تانترے ساکنان شوپیاں کے بطور کی۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسرا مہلوک جنگجو غالباً عمر تیلی ہے جس کی شناخت کے لئے اس کے اہلخانہ کو طلب کیا گیا ہے۔
مسٹر کمار نے کہا کہ مہلوک جنگجوؤں کی تحویل سے ایک اے کے 47 رائفل اور دو پستول بر آمد کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تینوں جنگجو دس روز قبل کھنموہ میں سمیر احمد بٹ نامی سر پنچ کی ہلاکت میں ملوث تھے۔
آئی جی پی نے کہا کہ جنگجوؤں کا یہ ماڈیول پنچوں اور سرپنچوں پر لگاتار حملے کر رہا تھا۔
دریں اثنا ریل حکام نے اس تصادم آرائی کے پیش نظر بانہال – بارہمولہ ریل سروس کو بدھ کے روز احتیاطی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔
یو این آئی