جموں،14 مارچ : جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے ریزیڈنسی روڑ کے نزدیک آگ کی ایک ہولناک واردات کے دوران 4 افراد جھلس کر موقع پر ہی از جان ہوئے جبکہ 14دیگر شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں رینج مکیش سنگھ نے نامہ نگاروں کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ریذیڈنسی روڑ کے نزدیک شام سوا چھ بجے کے قریب ایک کباڑ کی دکان سے آگ نمودارہوئی جس نے آناً فاناً پورے دکان کو لپیٹ میں لے لیا ۔
انہوں نے بتایا کہ دکان کے اندر گیس سلنڈر بھی موجود تھے جو آگ کی تپش کی وجہ سے زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے جس وجہ سے 4 افراد کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ 14دیگر شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں بھرتی کیا گیا جبکہ علاقے میں ابھی بھی ریسکو آپریشن چل رہا ہے۔
اے ڈی جی پی نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
بتادیں کہ جموں کے ریذیڈنسی روڑ کے نزدیک پیر کی سہ پہر کو آگ کی ایک بھیانک واردات رونما ہوئی جس دوران پورا علاقہ زور دار دھماکوں سے گونج اُٹھا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کباڑ کی دکان سے آگ نمودار ہوئی اور وہاں پر موجود گیس سلنڈر زور دار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے ۔
عین شاہدین نے بتایا کہ آگ کے وقت دکان کے اندر اور باہر کافی تعداد میں مقامی اور غیر مقامی مزدور موجود تھے اور جونہی سلنڈر پھٹنے لگے تو کئی ایک مزدور اُس کی زد میں آئے جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے چارافراد کو مردہ قرار دے دیا۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک ریسکو آپریشن جاری تھا۔
یو این آئی