پولیس نے گرینیڈ پھینکنے والے ماڈیول کا پردہ فاش کیا 4 اعانت کار گرفتار

پولیس نے گرینیڈ پھینکنے والے ماڈیول کا پردہ فاش کیا 4 اعانت کار گرفتار

سری نگر، 07 مارچ : جموں وکشمیر پولیس نے اونتی پورہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ چار جنگجو معاونین کو حراست میں لے کر اُن کے قبضے سے گرینیڈ اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمدکرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان گرینیڈ حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سلامتی عملے نے اونتی پورہ میں ممنوع تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ چار اعانت کاروں کو حراست میں لے کر ایک بہت بڑے منصوبے کو وقت رہتے ناکام بنایا ہے۔
انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت عاقب منظور بٹ ولد منظور احمد بٹ ، مدثر احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ، غلام محمد آہنگر ولد مرحوم عبدالرحمن آہنگر ساکنان ہفو ترال اور وارث بشیر نجار ولد بشیر احمد نجار ساکن شیخ محلہ چیوا اولر ترال کے بطور کی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ مذکورہ افراد کے قبضے سے تین گرینیڈ بھی برآمد کرکے ضبط کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وارث بشیر نامی اعانت کار نے یکم مارچ کی شام کو منڈورا ترال میں فوجی کیمپ پر گرینیڈ پھینکا تھا۔

اُن کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران پتہ چلا ہے کہ گرفتار معاونین ارشاد احمد بٹ ولد مرحوم فیاض احمد بٹ ساکن وایلو پٹن اور مستقیم احمد آہنگرعرف وحید ولد غلام محمد آہنگر ساکن ہفو ترال جو کہ اس وقت سینٹرل جیل میں مقید ہے کے کہنے پرہی گرینیڈ حملوں کو انجام دے رہے تھے۔

پولیس ترجمان نے کہاکہ مستقیم احمد آہنگر عرف وحید ولد غلام محمد آہنگر ساکن ہفو ترال ہتھیار اسمگلنگ کیس کے سلسلے میں سینٹرل جیل سری نگر میں بند ہے
انہوں نے بتایا کہ مستقیم اور ارشاد احمد سینٹرل جیل میں ہونے کے باوجود بھی ملی ٹینٹ سرگرمیوں کو مربوط کرنے میں پیش پیش ہیں۔

پولیس نے معاملے کی نسبت ایف آئی زیر نمبر 21/2022کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.