کشمیر میں موسم خشک،6 اور 7 مارچ کو برف وباراں کی پیش گوئی

کشمیر میں موسم خشک،6 اور 7 مارچ کو برف وباراں کی پیش گوئی
سری نگر،5 مارچ :محکمہ موسمیات کی طرف سے برف باراں کی ایک اور پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں گلمرگ اور پہلگام کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہوا ہے اور موسم بھی فی الوقت خشک ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہتے ہوئے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تازہ مغربی ہوائیں جموں وکشمیر میں داخل ہونے والی ہیں جن کےنتیجے میں 6 اور7 مارچ کو وادی کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے کپوارہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، بڈگام اور گاندربل اضلاع کے بالائی علاقوں میں خراب موسم کے زیادہ اثرات رہ سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بعد ازاں 8 اور 9 مارچ کو بھی موسم خراب ہی رہنے کا امکان ہے۔
ادھر وادی میں گلمرگ اور پہلگام کے بغیر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج کیا گیا۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب بھی یہی درج ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
 یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.