سری نگر، 04 مارچ : جموں وکشمیر پولیس نے شوپیاں میں لشکر طیبہ کے تین اعانت کاروں کو اسلحہ وگولہ بارود سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعے کے روز 44 آر آر اور پولیس نے کھڈ پورہ گاﺅں میں سیب کے باغ میں ناکہ لگایا جس دوران تین مشتبہ نوجوانوں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم انہوں نے را ہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ حفاظتی عملے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر تینوں کو حراست میں لے لیا ۔
اُن کے مطابق گرفتا رشدگان کی شناخت اشفاق احمد ڈار ولد محمد یاسین ڈار ساکن گڈ پورہ شوپیاں، ندیم رفیق راتھر ولد رفیق احمد راتھر ساکن کلبل شوپیاں اور روف مشتاق نجار ولد مشتاق احمد ساکن وانگام کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ مذکورہ اعانت کاروں کے قبضے سے ایک پستول ، ایک پستول میگزین، آٹھ پستول راونڈ ، ایک گرینیڈ ، ایک اے کے میگزین اور 20 اے کے گولیوں کے راونڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 19/2022 کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
یو این آئی