سری نگر میں ہونے والے 80 فیصد جرائم کا تعلق منشیات کے ساتھ جڑا ہوا ہے، منشیات فروشوں کی جائیداد ضبط کی جائے گی: ڈی سی سری نگر

سری نگر میں ہونے والے 80 فیصد جرائم کا تعلق منشیات کے ساتھ جڑا ہوا ہے، منشیات فروشوں کی جائیداد ضبط کی جائے گی: ڈی سی سری نگر

سری نگر، 02 مارچ : ضلع ترقیاتی کمشنرسری نگر اعجاز اسد نے بتایا کہ منشیات فروشوں کی جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کیا جائے گا اور اس پر بھی کام شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سری نگر میں ہونے والے اسی فیصد جرائم کا تعلق منشیات سے جڑا ہوا ہے لہذا اس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر بڑے پیمانے پر مہم شروع کی گئی ہے۔

اس موقع پر ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال نے کہاکہ منشیات کے کاروبار کے لئے استعمال میں لائی جارہی جائیداد یا منشیات کے پیسے سے بنائی گئی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کرنے کی خاطرمحکمہ مال کو آگاہی فراہم کی گئی ہے۔

ان باتوں کا اظہار ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے سری نگر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

ضلع ترقیاتی کمشنر اعجاز اسد نے بتایا کہ پچھلے کئی دنوں سے ضلع انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ طورپر منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے دو دنوں کے دوان ایک درجن سے زائد جگہوں پر چھاپے ڈالے گئے جس دوران بڑی مقدار میں قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔

اُن کے مطابق ضبط شدہ قابل اعتراض مواد کی جانچ پڑتال کے دوران پولیس کو بہت سارے سراغ ملے ہیں ۔
اعجاز اسد نے بتایا کہ منشیات فروشوں کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کو بھی این ڈی بی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کیاجائے گا اور اس پربھی کام شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منشیات متاثرین کی سرکاری اسکیموں کے تحت باز آباد کاری کی جائے گی۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ سری نگر میں ہونے والے 80 فیصد جرائم کا تعلق منشیات سے جڑا ہوا ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنا اب ناگزیر بن گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف مہم جاری رہے گی اور کسی کو بھی نوجوان نسل کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

موصوف ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے ایل جی منوج سنہا نے بھی احکامات جاری کئے کہ منشیات کے کاروبار کو پوری طرح سے ختم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جائیں۔
اس موقع پر ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال نے کہا کہ منشیات کے ساتھ بلواسط یا بلاواسط طورپر جڑے افراد کو اب بخشا نہیں جائے گا ۔

انہوں نے کہاکہ سری نگر پولیس نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر منشیات مخالف مہم شروع کی ہے جس کے زمینی سطح پر ثمر آور نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

یس ایس پی نے بتایا کہ منشیات کے لئے استعمال کی جانے والی یا منشیات کے پیسے سے بنائی گئی جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ متعدد منشیات فروشوں کی جائیداد کی شناخت کی گئی ہے اور بہت جلد اُن کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہاکہ محکمہ مال کو بھی اس بارے میں آگاہی فراہم کی گئی ہے اور بہت جلد اُن کی جائیدادوں کو سیل کیا جائے گا۔

لاٹری کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایس ایس پی نے بتایا کہ یہ غیر قانونی کام ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے کئی دنوں کے دوران سری نگر پولیس نے قمار بازوں کے خلاف دس ایف آئی آر درج کئے ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.