پلوامہ حملے کی تیسری برسی:جاں بحق ہونے والے جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش

پلوامہ حملے کی تیسری برسی:جاں بحق ہونے والے جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش

سری نگر/ سیکورٹی فورسز نے پیر کے روز پلوامہ حملے کی تیسری برسی کے موقع پر اس حملے میں جاں بحق ہونے والے سی آر پی ایف اہلکاروں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پلوامہ میں واقع ان کے میموریل پر پھول مالائیں چڑھائیں اور انہیں سلامی دی۔

اس موقع پر سی آر پی ایف کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دلجیت سنگھ چودری برائے جموں وکشمیر زون نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم چودہ فروری کا دن ان چالیس جوانوں کی یاد میں مناتے ہیں جنہوں یہاں پلوامہ میں اپنی جانیں گنوائی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لئے یہاں جمع ہوتے ہیں اور انہیں اپنے دل سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔موصوف اے ڈی جی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پورے علاقے میں امن و چین رہے اور ہماری قربانیاں ثمر آور ثابت ہوسکیں۔
دریں اثنا جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پلوامہ حملے میں جاں بحق ہونے والے جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم ہمیشہ ان جانبازوں اور ان کے اہلخانہ کا مشکور رہے گی۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’پلوامہ ٹیرر حملے میں شہید ہونے والے جانبازوں کو خراج پیش کرتا ہوں، قوم سی آر پی ایف کے ان بہادر جوانوں اور ان کے اہلخانہ کا ہمیشہ شکر گذار رہے گی‘۔

ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا: ’ہم دہشت گردی کی بدعت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے پر عزم ہیں‘۔بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں 14 فروری 2019 کو ایک خود کش حملے میں سی آر پی ایف کے چالیس جوان جاں بحق ہوئے تھے۔
یہ کشمیر میں گذشتہ تین دہائیوں کے دوران سیکورٹی فورسز پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ تھا اور اس حملے سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات انتہائی خراب ہوگئے تھے۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.