جمعرات, مئی ۱۵, ۲۰۲۵
16.4 C
Srinagar

 بہتری آئے گی یانہیں؟

سرینگرمیونسپل کارپوریشن نے’پرجا فاونڈیشن اور عزیم پریم جی فاونڈیشن‘ کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط کئے ۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی موجودگی میں یہ معاہدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیاگیا۔ اس معاہدے کے مطابق یہ دو نوںرضا کارتنظیمیں سرینگرمیں نظام زندگی بہتر بنانے کیلئے کارپوریشن کو اپنا تعاون دیں گی ۔شہریوں کو بااختیار بنانے کیلئے مونسپل کونسلروں اور انتظامی افسران کی صلاحیت سازی کیلئے کام کریںگی، انہیں تربیتی پروگرواموں کے دوران آگاہ کریںگی ۔

معاہدے کے مطابق یہ غیر سرکاری تنظیمیں پرائمری اسکولوں میں تعلیم وتربیت کیلئے کام کریں گی تاکہ آگے چل کر یہاں کے بچے بہتر شہری بن سکےں اور اُن میں ایسی صلاحتیں پیدا ہوسکےں کہ وہ قوم وعوام کی بہتر ڈھنگ سے خدمت کرسکےں ۔ سوال یہ پیدا ہورہا ہے کیا آج تک اس اہم شہری ترقی ادارے نے بہتر ڈھنگ سے لوگوں کی تعمیر وترقی اور بھلائی کیلئے کام نہیں کئے ہیں یا پھر کوئی اور معاملہ ہے؟ ۔یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ اس شہر میں کوئی منصوبہ بندی نظر نہیں آرہی ہے ۔ بے ہنگم رہائشی کالونیاں بنائی گئیں، سڑکوں پر ٹریفک نظام کا برا حال ہے ۔ریڈیوں پر اپنا روزگار کمانے والے ہزاروں افراد کیلئے کوئی خاص جگہ آج تک نہیں بنائی گئی ، بجلی ترسیلی نظام آج تک بہتر نہ ہوسکا۔شہری آبادی کو ہمیشہ پینے کے پانی کی قلت رہتی ہے ۔ آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی پر کوئی روک نہیں لگ سکی ، شہر سے بر آمد ہورہے کوڑا کرکٹ کو بہتر ڈھنگ سے ٹھکانے لگانے کیلئے جدید طرز عمل بروئے کار نہیں لیاگیا، غرض شہری آبادی طرح طرح کی مشکلات سے دو چار ہورہی ہے اور اکثر لوگ شہروں سے ہجرت کرکے گاوں میںجاکر اپنی رہائش اختیار کرنے لگے ہیں ۔

اب چونکہ میونسپل کارپوریشن نے موجودہ انتظامیہ کے مشورے پر ملک کی دو بڑی غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ معاہدہ ،اس لئے کیاہے تاکہ شہری آبادی کی زندگی آسان اور بہترین بن سکے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا شہری خدمات میں بہتر آئے گی یا پھر حالات بدسے بدتر ہوں گے ، اسکا فیصلہ آنے والا وقت ہی کرے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img