سری نگر،7 فروری / سری نگر کے جمالٹہ نوا کدل میں گذشتہ ماہ آگ کی ایک وردات میں شدید جھلسنے والا 48 سالہ شہری 18 دنوں تک موت حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد پیر کی صبح یہاں ایک ہسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گیا اور اس طرح اس واردات میں مرنے والوں کی تعداد دو ہوگئی۔
بتادیں کہ جمالٹہ نوا کدل میں 20 جنوری کو آگ کی ایک واردات میں تین افراد زخمی جبکہ چار مکان مکمل طور پر خاکستر ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں سے ایک خاتون کی موت واقع ہوئی تھی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمالٹہ نوا کدل میں 20 جنوری کو آگ کی واردات میں شدید جھلسنے والا 48 سالہ شہری پیر کی صبح یہاں شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔متوفی کی شناخت عبدالمجید گجری ولد غلام رسول گجری کے بطور ہوئی ہے۔
بانڈی پورہ میں آتشزدگی، رہائشی مکان خاکستر
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے چٹے بانڈی گاؤں میں دوران شب آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا۔ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ کے چٹے باںدی گاؤں میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ مکان کے اندر گھر کا سارا مال و اسباب بھی خاکستر ہوگیا ہے۔انہوں نے مالک مکان کی شناخت خورشید احمد گنائی ولد غلام محمد گنائی کے بطور کی ہے۔
دریں اثنا یک پولیس افسر نے واردات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے متاثر مالک مکان کو بھر پور مالی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
یو این آئی