وسطی ضلع گاندر بل میں ٹی آر ایف کے تین جنگجو اعانت کار گرفتار، اسلحہ ضبط: پولیس کا دعویٰ

وسطی ضلع گاندر بل میں ٹی آر ایف کے تین جنگجو اعانت کار گرفتار، اسلحہ ضبط: پولیس کا دعویٰ
سری نگر،29 جنوری: جموں و کشمیر پولیس نے وسطی ضلع گاندربل میں جنگجوؤں کے ایک ماڈیول کو بے نقاب کرکے لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ٹی آر ایف سے وابستہ تین جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گاندربل پولیس نے فوج کی 24 آر آر اور سی آر پی ایف کی 115 بٹالین کے ہمراہ ضلع کے شہامہ علاقے میں ایک ناکہ چیکنگ کے دوران تین جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا۔

ترجمان نے گرفتار شدگان کی شناخت فیصل منظور ولد منظور احمد لون ساکن براری پورہ شوپیاں، اظہر یعقوب ولد محمد یعقوب گنائی ساکن زائی پورہ شوپیاں اور ناصر احمد ڈار ولد محمد ایوب ڈار ساکن کولگام کے بطور کی ہے۔

انہوں بیان میں کہا کہ گرفتار شدہ جنگجو اعانت کاروں کی تحویل سے دو چینی ساخت کے پستول، تین پستول میگزین، پندرہ گولیاں، دو گرینیڈ اور تین موبائل فون بر آمد کئے گئے۔

موصوف ترجمان نے بیان میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران گرفتار شدگان نے لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ٹی آر ایف سے اپنی وابستگی ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن گاندربل میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.