کشمیر میں موسم میں بتدریج بہتری، 31 جنوری کو برف و باراں کی پیش گوئی

کشمیر میں موسم میں بتدریج بہتری، 31 جنوری کو برف و باراں کی پیش گوئی

سری نگر،25 جنوری : وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کا دور اقتدار آخری سانسیں لینے کے بیچ ٹھٹرتی سردیوں کا زور بھی تھمنے لگا ہے۔
بتادیں کہ ٹھٹھرتی سردیوں کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلان کا دور حکومت 21 دسمبر سے شروع ہو کر31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے تاہم گذشتہ دو برسوں کے مقابلے امسال چلہ کلان نے اپنے طاقت کا بھر پور مظاہرہ نہیں کیا۔
وادی کشمیر میں دوران شب کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں ہوئیں جبکہ بعض علاقوں بشمول گلمرگ میں ہلکی برف باری ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی میں 29 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں بہتری جبکہ رات کی سردیوں میں اضافہ درج ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 30 جنوری کو موسم ابر آلود رہے گا جبکہ 31 جنوری کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔
ادھر گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ جہں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.8 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.