رعناواری ہسپتال میں آتشزدگی، چار ملازمین زخمی

رعناواری ہسپتال میں آتشزدگی، چار ملازمین زخمی

سری نگر، 24 جنوری : جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے جواہر لال نہرو میموریل ہسپتال رعناواری میں آگ کی ایک بڑی واردات کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا گیا تاہم آگ بجھانے کی واردات کے دوران 4 ملازمین زخمی ہوئے ہیں۔

فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر آفیسر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سری نگر کے رعناواری ہسپتال میں پیر کے روز آکسیجن پلانٹ کی عمارت سے آگ نمودار ہوئی تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ اور ہسپتال عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر فوری طورپر قابو پایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال کے صحن میں موجود دو منزلہ عمارت جہاں پر آکسیجن پلانٹ بھی نصب ہے کی چھت سے آگ نمودار ہوئی لیکن بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک بڑے حادثے کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا گیا ۔
مذکورہ آفیسر سے جب چار ملازمین کے زخمی ہونے کے بارے میں دریافت کیا گیا تو اُن کا کہنا تھا کہ اس بارے میں اُنہیں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

دریں اثنا رعناواری ہسپتال کی انتظامیہ نے بتایا کہ پیر کے روز آکسیجن پلانٹ پر مرمت کا کام چل رہا تھا جس دوران ویلڈنگ کے نتیجے میں عمارت کی چھت پر نصب ”پی وی سی “شیٹ نے آگ پکڑ لی تاہم ہسپتال میں تعینات چار ملازمین نے اپنی جان جوکھم میں ڈال کر آگ پر قابو پایا۔

انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران چار ملازمین معمولی طورپر زخمی ہوئے ہیں۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.