کپواڑہ میں راشی پٹواری اینٹی کرپشن بیورو کے ہتھے چڑھ گیا

کپواڑہ میں راشی پٹواری اینٹی کرپشن بیورو کے ہتھے چڑھ گیا
سری نگر، 24 جنوری : اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) نے سرحدی ضلع کپواڑہ کے حلقہ مفالپورہ کے پٹواری کو 15ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔

اینٹی کرپشن بیورو کے ایک ترجمان نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ایک سائل نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ پٹوار حلقہ مفالپورہ عبدالعزیز ڈار کام نپٹانے کے عوض 15 ہزار روپیہ کی رشوت طلب کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سائل نے شکایت میں مزید لکھا کہ مذکورہ پٹواری لیت ولعل کا مظاہرہ کررہا ہے جس وجہ سے وہ ذہنی کوفت کا شکار ہو گیا ہے۔

اے سی بی کے مطابق سائل نے بتایا کہ مذکورہ پٹواری نے پہلے ہی اُس سے 10ہزار روپیہ کی رشوت لی ہے اور مزید پیسوں کا تقاضہ کررہا ہے۔

اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد بیورو نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 2/2022 کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔

انہوں نے بتایا کہ اے سی بی کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے راشی پٹواری کو دھر دبوچنے کی خاطر ایک جال بچھایا جس دوران عبدالعزیز ڈار نامی پٹواری کو سائل سے پانچ ہزار روپیہ کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
اُن کے مطابق آزاد گواہوں کی موجوددگی میں پٹواری سے رشوت کے پیسے برآمد کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.