اجمیر، 12 جنوری : اجمیر کے ضلع کلکٹر پرکاش راج پروہت نے درگاہ شریف سے متعلق فریقین کے ساتھ آج منعقدہ میٹنگ میں واضح کیا کہ خواجہ معین الدین چشتی (رح) کا 810 واں سالانہ عرس ریاستی حکومت کی کورونا ہدایات کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔
کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں منعقدہ عرس سے متعلق میٹنگ میں مسٹر راج پروہت نے ریاست اور اجمیر میں پھیل رہے کورونا انفیکشن کی طرف سب کی توجہ مبذول کرائی اور واضح طور پر کہا کہ عرس کا انعقاد صرف اور صرف ریاستی حکومت کے کورونا قوانین کے تحت کیا جا سکتا ہے۔
کورونا کی نئی ہدایات کے تحت ضلع انتظامیہ نے ہفتہ وار نائٹ کرفیو اور دیگر مجبوریوں کے پیش نظر فی الحال کوئی تیاری نہیں کی۔ آنے والے دنوں میں حکومت سے ملنے والی ہدایات کے مطابق انتظامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی عازمین کی ممکنہ آمد کو ملتوی کرنے کے لیے ریاستی حکومت کو خط لکھا جائے گا۔ اجلاس میں موجود دو انجمن کمیٹی کے صدر اور سیکرٹری کے علاوہ درگاہ دیوان کے نمائندہ، ان کے صاحبزادے سید نصیر الدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اجمیر پہنچنے والے عازمین کی سہولت کا خیال رکھیں۔ عرس کے دوران دستور کے مطابق رسومات ادا کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ آنے والے دنوں میں انتظامیہ کے ساتھ ایک اور میٹنگ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ عرس کے انتظامات حکومتی قوانین کی روشنی میں کیے جا سکیں۔
واضح رہے کہ رجب کا چاند نظر آنے کے بعد چھ روزہ عرس 2 یا 3 فروری سے شروع ہوگا۔ قبل ازیں 27 جنوری کو درگاہ کے بلند دروازہ پر عرس کا پرچم لہرایا جائے گا۔
یواین آئی