ہفتہ, جولائی ۵, ۲۰۲۵
34.6 C
Srinagar

جموں وکشمیر میں کورونا کی قہر سامانیاں: مزید 1695افراد کی رپورٹ مثبت ، ایک فوت

سری نگر، 12 جنوری :جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں زبردست اُچھال دیکھنے کوملا ہے، بدھ کے روز مزید 1695افراد کی رپورٹ مثبت آئی اور ایک مریض فوت ہوا ۔

کورونا کے بڑھتے کیسوں کو دیکھتے ہوئے جموں وکشمیر میں ایک دفعہ پھر لاک ڈاون کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز جموں وکشمیر میں 1695افراد کی رپورٹ مثبت آئی جن میں صوبے کشمیر سے 883اور جموں ڈویژن میں 812 افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔

سرکاری ترجمان نے اعداد وشمار ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ سری نگر میں بدھ کے روز 320 افرد کی رپورٹ پازٹیو آئی، بارہ مولہ میں 250، بڈگام میں 116،پلوامہ میں 30، کپواڑہ میں 52، اننت ناگ میں 40، بانڈی پورہ میں 36، گاندربل میں 18، کولگام میں 20اور شوپیاں میں ایک شخص کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں ضلع میں سب سے زیادہ 438 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی، اُدھم پورہ میں 68، راجوری میں 42، ڈوڈہ میں دس، کٹھوعہ میں 93، سانبہ میں 30، کشتواڑ میں نو ، پونچھ میں 22، رام بن میں 15اور ریاسی میں 85افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بدھ کے روز جموں میں کسی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی تاہم کشمیر صوبے میں ایک مریض کورونا سے چل بسا۔اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں اس وقت 62 سو کورونا کے ایکٹیو کیسز ہیں جن میں سے متعدد کا ہسپتالوں میں علاج ومعالجہ چل رہا ہے۔

کورونا کے یومیہ معاملات میں غیر معمولی اضافے سے لوگوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ماہرین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی خاطر لاک ڈاون کا نفاذ ناگزیر بن گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ لوگ کووڈ ایس او پیز پر کئی پر عملدرآمد نہیں کر رہے ہیں لہذا وائرس کے پھیلاو کو اگر روکنا ہے تو لاک ڈاون کے بغیر اور کوئی چارہ نہیں بچا ہے۔
یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img