کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی کرنا وبا کو دعوت دینے کے مترادف: ضلع مجسٹریٹ سری نگر

کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی کرنا وبا کو دعوت دینے کے مترادف: ضلع مجسٹریٹ سری نگر

سری نگر/ جموں و کشمیر میں کورونا کیسز میں ہو رہے اچانک اضافے کے بیچ ضلع مجسٹریٹ سری نگر محمد اعجاز اسد کا کہنا ہے کہ کورونا پروٹوکال کی خلاف ورزی کرنا ہی اس وبا کو دعوت دینے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وبا سے گذشتہ دو برسوں سے جوجھ رہے ہیں اور گائیڈ لائنز پر عمل کرنا ہی نجات کا واحد ذریعہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی اس لہر سے لڑنے کے لئے انتظامیہ پوری طرح سے تیار ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا: ’کورونا کے کیسز میں اضافہ درج ہو رہا ہے اور ملک میں بھی کورونا کے کیسز میں کافی اضافہ درج ہو رہا ہے لہذا کورونا پروٹوکال پر عمل کرنے کی ضرورت ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دو برسوں سے سے اس وبا سے جوجھ رہے ہیں اور کورونا پروٹوکال پر عمل کرنا ہی اس سے نجات کا واحد ذریعہ ہے۔مسٹر اعجاز اسد نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں ایک آدمی ماسک نہیں لگائے گا تو اس کا خطرہ سارے علاقے کو لاحق ہے۔

کورونا کی اس لہر کا مقابلہ کرنے کے لئے انتظامیہ کی تیاریوں کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ’ضلع کے مختلف ہسپتالوں میں ایک درجن نئے آکسیجن پلانٹ نصب کئے گئے ہیں اور ہمارے پاس پانچ سو بستروں والا کووڈ ہسپتال بھی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ کورونا مریضوں کی دیکھ ریکھ اور علاج کے لئے ہمارے پاس طبی عملے کی بھی کوئی کمی نہیں ہے۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں کورونا کے یومیہ کیسز میں غیر معمولی اضافے کے بیچ انتظامیہ نائٹ کرفیو کے نفاذ پر سنجیدگی کے ساتھ غور و غوض کر رہی ہے جبکہ حکام نے صوبے جموں میں میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی ہیں۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.