بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

جنوبی ضلع اننت ناگ میں تصادم، ایک جنگجو ہلاک،راجوری میں کئی سرحدی دیہات میں فوج کا تلاشی آپریشن

سری نگر/ جموں وکشمیر کے ضلع اننت ناگ کے آرونی گاوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین تصادم آرائی میں ایک عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوا ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی رات کو اننت ناگ کے آرونی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مشتبہ مقام کی اور پیش قدمی شروع کی تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران ایک عدم شناخت جنگجو مارا گیا۔

اُن کے مطابق مہلوک جنگجو کی شناخت اور اُس کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

راجوری میں کئی سرحدی دیہات میں فوج کا تلاشی آپریشن

فوج نے جمعے کی صبح ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر کے کئی دیہات کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کچھ مشتبہ نقل وحمل کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعے کی صبح نوشہرہ سیکٹر کے کئی دیہات کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔


انہوں نے کہا کہ گرچہ سرحدی علاقوں میں تلاشی آپریشن چلانا معمول کی بات ہے تاہم علاقے میں کسی قسم کی مشکوک نقل و حمل کو دیکھنے کے بعد آپریشن سخت کر دیا جاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فی الوقت کچھ بھی نہیں ملا ہے اور نہ ہی کسی کے ساتھ آمنا سامنا ہوا ہے۔

 

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img