کشمیر میں آگ کی الگ الگ وارداتوں میں بی ایس ایف کی رہائشی بلڈنگ سمیت پانچ ڈھانچے تباہ

کشمیر میں آگ کی الگ الگ وارداتوں میں بی ایس ایف کی رہائشی بلڈنگ سمیت پانچ ڈھانچے تباہ

سری نگر،9 دسمبر:وادی کشمیر میں دوران شب آتشزدگی کی الگ الگ وارداتوں میں بی ایس ایف کے ایک رہائشی کوارٹر اور سی آر پی ایف کی ایک سہہ منزلہ بلڈنگ سمیت پانچ رہائشی ڈھانچے خاکستر ہوگئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے صنعت نگر علاقے میں سی آر پی ایف کی132 بٹالین کی ایک سہہ منزلہ عمارت میں دوران شب آگ نمو دار ہوئی ۔
انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں اس بلڈنگ کی بالائی منزل مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ نچلی دو منزلوں کو جزوی نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا تھا آتشزدگی کے اس واقعے میں سی آر پی ایف کا ایک اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ایس ٹی سی ہمہامہ میں بی ایس ایف کے ایک رہائشی کوارٹر میں آگ لگ گئی جس سے اس دو منزلہ عمارت کو نقصان پہنچا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس کوارٹر میں آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔
دریں اثنا جنوبی کشمیر کے قصبہ بجبہاڑہ کے کار آباد کالونی میں آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکتسر ہوگیا جبکہ سری نگر کے نشاط علاقے میں دو شیڈ نما ڈھانچے آگ لگنے سے تباہ ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ کی اس وادرات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.