کشمیر میں آگ کی وارداتوں میں کم سے کم تین مکان اور ایک رہائشی ہٹ خاکستر

کشمیر میں آگ کی وارداتوں میں کم سے کم تین مکان اور ایک رہائشی ہٹ خاکستر

سری نگر/ وادی کشمیر میں آتشزدگی کی دو الگ الگ وارداتوں میں کم سے کم تین رہائشی مکان اور ایک رہائشی ہٹ خاکستر ہوگئیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شہرہ آفاق جھیل ڈل میں نہرو پارک کے نزدیک ہفتے کی علی الصبح ایک ہٹ میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے چشم زدن میں اس کو اپنی لپیٹ میں لے کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔

رہائشی ہٹ کے مالک کی شناخت نثار احمد ڈنگولہ کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔

دریں اثنا شمالی کشمیر کے قصبہ اوڑی کے بونیار علاقے میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں کم سے کم تین رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ بونیار کے ہاکھی پتھری گاؤں میں دوران شب ایک رہائشی مکان میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل ہی واقع دو مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور مقامی لوگوں کی محنت شاقہ کے بعد آگ کو قابو میں کر لیا گیا تاہم تین رہائشی مکانوں کو خاکستر ہونے سے نہیں بچایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خاکستر شدہ مکانوں میں سے ایک مکان میں آنگن واڑی سینٹر تھا۔ذرائع کے بتایا کہ جن کے مکان خاکتسر ہوئے ان کی شناخت لال الدین ختانہ اس کا بھائی معراج الدین ختانہ اور محمد یعقوب ختانہ کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔

مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کی فوری اور بھر پور مدد کریں تاکہ سردیوں کے ان ایام میں وہ اپنے اہل و عیال کے لئے چھت کی سبیل کر سکیں۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.