شملہ، یکم دسمبر :اومیکرون ویرینٹ کے خوف سے ہماچل سرکار متحرک ہوگئی ہے ۔ اس تعلق سے ریاست میں نئے کووڈ ضابطوں اور نئے رہنما خطوط جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے شخص کو کووڈ رپورٹ کے ساتھ سات دن تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا ۔
اس کے علاوہ ریاست میں داخل ہونے والے ہرشخص کو آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کروا کر آنا ہوگا۔ ساتھ ہی ماسک پہننا، سماجی فاصلے پر عمل کرنا، کسی سے غیر ضروری طور پر رابطے میں نہ آنا، ان تمام ضابطوں پر بھی عمل کرنا ہوگا ۔ یہ معلومات ضلع کانگڑا کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر گورودرشن گپتا نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقہ میں پایا جانے والا نیا ویرینٹ بہت تیزی سے پھیلے والا بتایا جا رہا ہے ۔ یہی نہیں اس کی علامات بھی عام کورونا جیسی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں خوراکیں لینے والوں کو بھی یہ ویرینٹ متاثر کر رہا ہے ۔ ایسے میں اب مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
اس سے پہلے بھی ریاست میں کورونا وبا کے سب سے زیادہ کیسز ضلع کانگڑا میں سامنے آئے ہیں۔ یہی نہیں اس ضلع میں کورونا انفیکشن سے سب سے زیادہ اموات بھی درج کی گئی ہیں۔





