جموں وکشمیر پولیس نے ریاسی میں ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد تباہ کیا

جموں وکشمیر پولیس نے ریاسی میں ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد تباہ کیا

جموں/ جموں و کشمیر پولیس نے جمعے کے روز ضلع ریاسی کے سب ڈویژن مہورے میں مختلف ملی ٹنسی مخالف آپریشنز کے دوران ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد کو تباہ کر دیا۔

پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اور سپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) نے مہورے – علاقے میں سال 2009 سے ملی ٹنسی سے متعلق 15 معاملوں میں گرینیڈ، آئی ای ڈیز، آر ڈی ایکس وغیرہ ضبط کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا: ’یہ دھماکہ خیز مواد کئی برسوں تک پولیس کی محفوظ تحویل میں رہا۔ اس دھماکہ خیز مواد کے حادثاتی طور پر دھماکہ ہونے کے خدشات کے پیش نظر ریاسی پولیس نے اس کو قانونی طور پر محفوظ طریقے سے تباہ کرنے کی اجازت حاصل کرنے کے لئے متعلقہ عدالتوں کی طرف رجوع کیا‘۔

پولیس نے بیان میں کہا کہ پولیس کی عرضی پر شنوائی کرنے کے بعد ریاسی کے سیشن جج نے دو معاملوں میں ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد کو تباہ کرنے کی اجازت دے دی جبکہ دو کیسز کے متعلق این آئی اے عدالت جموں نے ضروری احکامات جاری کئے جبکہ باقی11 کیسز میں بر آمد شدہ دھماکہ خیز مواد کو تباہ کرنے کے متعلق جی ایم آئی سی مہورے نے احکامات صادر کئے۔

بیان میں کہا کہ عدالتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایس ایس پی ریاسی شیلندر سنگھ نے مہورے کی ایک سپیشل جوائنٹ ٹیم، ریاسی پولیس کے بم ناکارہ بنانے والے اسکارڈ اور58 آر آر کے انجینئرنگ ریجمنٹ کی طرف رجوع کیا۔
پولیس بیان میں کہا گیا گیا کہ احتیاطی تدابیر پر حد درجہ عمل در آمد کرنے کے بعد اس دھماکہ خیز مواد کو ایک محفوظ جگہ پر لے جا کر ماہرین نے تباہ کر دیا۔

تباہ شدہ دھماکہ خیز مواد میں 71 بڑے ہینڈ گرینیڈ، 24 کلو آر ڈی ایکس اور آئی ای ڈیز کے رموٹ کنٹرول شامل تھے۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.