سری نگر،25 نومبر (یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ رام باغ شوٹ آؤٹ کی صداقت کے متعلق شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہدین کے مطابق اس شوٹ آؤٹ کے دوران یک طرفہ فائرنگ ہوئی ہے۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔
محبوبہ مفتی نے جمعرات کو اس شوٹ آؤٹ کے متعلق اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’رام باغ میں ہونے والے کل کے مبینہ انکاؤنٹر کی صداقت کے بارے میں بھی شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں‘۔
ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ’رپورٹس اور شاہدین کے مطابق فائرنگ یک طرفہ ہوئی تھی۔ایک بار پھر سرکاری بیان زمینی حقائق کے مطابق نہیں ہے جیسا کہ شوپیاں، ایچ ایم ٹی اور حیدر پورہ میں دیکھا گیا‘۔
بتادیں کہ پولیس کے مطابق بدھ کی شام سری نگر کے رام باغ علاقے میں ایک شوٹ آؤٹ کے دوران تین جنگجو ہلاک ہوئے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رام باغ میں بدھ کی شام جب ایک ناکے پر ایک سینٹرو کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو اس میں سوار جنگجوؤں نے جائے موقع سے فرار ہونے کے لئے کار کے اندر سے ہی فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں تین جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا.تاہم عینی شاہدین کے مطابق تینوں کو گاڑی سے باہر نکالا گیا اس کے بعد مارا گیا۔اس شوٹ آؤٹ کے بعد شہر کے بعض حصوں میں لوگوں نے احتجاج درج کیا۔
