وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں جنگلی ریچھ زندہ پکڑ لیا گیا

وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں جنگلی ریچھ زندہ پکڑ لیا گیا

سری نگر/ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے منی گام علاقے میں بدھ کی صبح ایک جنگلی ریچھ کو زندہ پکڑ لیا گیا۔
بتادیں کہ یہ وادی کے دو مختلف اضلاع میں ماہ رواں کے دوران اب تک پکڑا جانے والا دوسرا جنگلی ریچھ ہے۔

قبل ازیں ماہ رواں کی 8 تاریخ کو ہی شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے آری گام علاقے میں ایک جنگلی ریچھ کو زندہ پکڑ لیا گیا تھا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منی گام میں ایک ریچھ نمودار ہونے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد متعلقہ محکمے نے ایک پنجرہ لگا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ریچھ کو زندہ پکڑ لیا گیا اور اس کو داچھی گام نیشنل پارک منتقل کیا گیا۔قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں جنگلی جانوروں کا آبادی والے علاقوں میں گھومنا پھرنا ایک معمول سا بن گیا ہے۔

وادی کے کئی علاقوں میں جنگلی جانوروں خاص کر آدم خور تیندوں نے لوگوں کو جانی ومالی نقصان سے دو چار بھی کر دیا۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ جنگلی جانور اب بالائی علاقوں تک ہی محدود نہیں رہ گئے ہیں بلکہ میدانی علاقوں میں بھی نمودار ہونے لگے ہیں جس سے وادی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلوں کی کٹائی اور وہاں مناسب خوراک اور پناہ کی عدم دستابی جنگلی جانوروں کے بستیوں کی طرف رخ کرنے کی بنیادی وجہ ہے۔

بعض کا ماننا ہے کہ کھیت کھیلانوں میں دھان کی فصل کی بجائے میوہ باغ بنائے جا رہے ہیں جس سے میدانی علاقے بھی اب جنگل کا نظارہ پیش کرتے ہیں اور جنگلی جانور جنگلوں سے نکل کر ان میں پناہ لیتے ہیں۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.