ہفتہ, جولائی ۵, ۲۰۲۵
26.1 C
Srinagar

سیلزمین کے قتل کے الزام میں 3 ملی ٹینٹ اعانت کار اسلحہ سمیت گرفتار

سری نگر/ جموں وکشمیر پولیس نے پائین شہر کے بہوری کدل علاقے میں سیلز مین کے قتل کے الزام میں 3 ملی ٹینٹ معاونین کو حراست میں لے کر اُن کے قبضے سے پستول اور گرنیڈ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’9 نومبر 2021 کے روز پائین شہر میں سندیپ ماوا کے دکان پر کام کرنے والے سیلزمین ابراہیم احمد پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی موت واقع ہوئی‘۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں مہاراج گنج پولیس تھانے میں ایف آئی آر زیر نمبر 86/2021 کے تحت کیس درج کرکے خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا۔
ترجمان کے مطابق ’تفتیش کے دوران تحقیقاتی ٹیم کو پتہ چلا کہ قتل کی اس واردات میں تین افراد جن کی شناخت اعجاز احمد لون ، نصیر احمد شاہ اور شوکت احمد ڈار ساکنان للہارا پلوامہ کے بطور ہوئی ہے براہ راست ملوث ہیں جنہیں بعد میں گرفتار کیا گیا‘۔
پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار شدگان نے پوچھ تاچھ کے دوران اپنا جرم قبول کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ تینوں لشکر طیبہ (ٹی آر ایف ) نامی ممنوعہ دہشت گرد تنظیم کے معاونین (مددگار) ہیں جبکہ مذکورہ افراد نے سرحد کے اُس پار بیٹھے ملی ٹینٹوں کے کہنے پر اس حملے کو انجام دیا تھا‘۔
ترجمان نے بتایا کہ ’تحقیقات کے دوران یہ بھی عیاں ہوا ہے کہ گرفتار شدگان پچھلے چار ماہ سے پاکستانی دہشت گرد تنظیم سے وابستہ شدت پسندوں کے ساتھ برابر رابطے میں تھے‘۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد کی نشاندہی پر پولیس نے آلہ قتل یعنی پستول ، سات راونڈ ، گرنیڈ اور دوسراقابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا ۔
علاوہ ازیں گرفتار شدگان کے قبضے سے اُس کار کو بھی برآمد کیا گیا ہے جس سے قتل کی اس واردات کو انجام دینے کی خاطر استعمال میں لایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img