سری نگر،23 نومبر :وادی کشمیر میں گذشتہ دو ماہ کے دوران کورونا کیسز میں اضافہ درج ہوا ہے۔
سرکاری ذرائع نے منگل کے روز بتایا کہ وادی میں ماہ اکتوبر اور نومبر کے دوران کورونا کیسز میں اضافہ درج ہوا اور سری نگر میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح 170 فیصدی تک بڑھ گئی ہے۔
کورونا کنٹرول روم کشمیر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلع سری نگر میں ماہ اکتوبر اور نومبر کے دوران کورونا کیسز کی شرح55 فیصدی درج ہوئی جبکہ باقی وادی میں یہ شرح 115 فیصدی تک بڑھ گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع سری نگر میں کورونا کیسز کی ہفتہ وار شرح ماہ اگست کے پہلے ہفتے کی 0.38 فیصدی سے بڑھ کر ماہ نومبر کے پہلے ہفتے تک 1.96 فیصدی تک پہنچ گئی ہے۔
سری نگر میں شادیوں کے سیزن کے فوراً بعد کورونا گائیڈ لائنز پر بہت کم عمل در آمد کے باعث کورونا کیسز میں اضافہ درج ہونے لگا تھا۔
موصوف عہدیدار نے کہا کہ وادی کے دیگر اضلاع میں ماہ نومبر کے پہلے ہفتے کے دوران کورونا کیسز کی شرح 0.20 فیصدی کے آس پاس تھی جو اب بعض اضلاع میں بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں مثبت کیسز کی شرح 0.58 فیصدی تک بڑھ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع بارہمولہ میں مثبت کیسز کی شرح 1.31 فیصدی، ضلع گاندربل میں 0.75 فیصدی اور ضلع کپوارہ میں 0.63 فیصدی تک بڑھ گئی ہے۔
تاہم موصوف عہدیدار کا ماننا ہے کہ وادی میں کورونا کی موجودہ صورتحال تشویش ناک نہیں ہے۔
انہوں نے کہا: ’وادی میں کورونا کی موجودہ صورتحال زیادہ تشویش ناک نہیں لگ رہی ہے کیونکہ مثبت کیسز کی شرح زیادہ تیز نہیں ہے اور سری نگر میں بھی مثبت کیسز کی شرح میں کمی واقع ہونا شروع ہوئی ہے‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے ڈوز کی ویکسینشن سو فیصد مکمل ہوگئی ہے جبکہ دوسرے ڈوز کی ویکسینیشن بھی71 فیصدی تک مکمل ہوچکی ہے۔
