سری نگر/ وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے سے سردی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک مگر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی یں 23 نومبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم 24 اور 25 نومبر کو موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس سے بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے بعد نومبر کے آخر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ یکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا اور رواں سیزن تب تک کی کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی4.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں منفی 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا وادی میں جمعرات کو بھی موسم خشک مگر ابر آلود رہا تاہم آفتاب نے بھی دن میں باہر نکلنے کی کچھ کامیاب کوششیں کیں۔
یو این آئی





