سری نگر/ پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پیر کے روز لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ٹی آر ایف سے وابستہ ایک سرگرم جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اور فوج کی 3 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے پیر کی علی الصبح اننت ناگ کے وہادن عشمقام علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے بتایاکہ تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے ایک جنگجو کو گرفتار کیا۔
گرفتار شدہ جنگجو کی شناخت حافظ عبداللہ ملک ساکن گنجی پورہ کے بطور کی گئی جو ٹی آر ایف نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ تھا۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار شدہ جنگجو کی تحویل سے ایک پستول اور گولیوں کے سات راؤنڈ بر آمد کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران گرفتار شدہ جنگجو کے انکشاف پر سیکورٹی فورسز نے کٹو جنگل میں چھاپہ ڈالا اور وہاں ایک اے کے47 رائفل اور 40 گولیاں بر آمد کیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ جنگجو سال رواں کے 25 ستمبر سے سرگرم تھا۔
یو این آئی





