جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کا جموں میں بی جے پی کے خلاف احتجاج

جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کا جموں میں بی جے پی کے خلاف احتجاج

جموں/ جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی نے بدھ کے روز یہاں بی جے پی کے خلاف احتجاج درج کیا۔احتجاجیوں کا الزام تھا کہ بی جے پی مذہب کے نام پر سیاست کرکے ملک کو توڑنے کی کوششیں کر رہی ہے۔

انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے اور وہ بی جے پی کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر ہرش دیو سنگھ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں سبھی مذہبوں کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں اور سبھی مذہبوں کے لوگوں نے ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا اپنا رول ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ’لیکن آج کچھ سیاسی جماعتیں مذہب کے نام پر سیاست کرکے ملک کو توڑنے کی کوششیں کر رہے ہیں جس کے خلاف ہم احتجاج کر رہے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا: ’بی جے پی خاص طور پر مذہب کے نام پر سیاست کر رہی ہے‘۔

موصوف لیڈر نے وکرم سنگھ رندھاوا کا نام لئے بغیر کہا: ’بی جے پی اپنے ایک آدمی کو استعمال کرکے یہاں ہندو مسلم فساد کو بھڑکانے کی کوشش کررہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں مذہب اور ذات کے نام پر سیاست کر رہی ہیں وہ ملک کو کھوکھلا کرنا چاہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم مذہب اور ذات کے نام پر ملک کو کبھی بھی تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔

مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہم دشمنوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے ہیں اگر ہم اپنے ہی لوگوں کو آپس میں لڑا رہے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو اس کا جواب دینا ہوگا۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.