آئیے ملکر دنیا کو سبھی لوگوں کیلئے محفوظ بنائیں :چیئرمینEJCCاعجاز احمدخان
سری نگر:۸۱،اکتوبر:یوم ولادت باسعادت حضورپُرنورحضرت محمدمصطیٰ احمد مجتبیٰ ﷺ کے موقعہ پر سینئرٹریڈیونین لیڈراعجازاحمدخان نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ رسول رحمت ﷺ کی تعلیمات اوراسوہ حسنہ عصرحاضرمیں بھی دنیا کوفساد ،افراتفری ،ہلاکتوں اورمنافرت سے نجات پانے کاواحد راستہ ہے ۔ملازم انجمنوںکے اتحاد ایمپلائز جوائنٹ کسلٹیٹوکمیٹی کے چیئرمین اعجاز خا ن نے اپنے جاری بیان میں کہاکہ رسول اکرم ﷺ کواللہ تعالیٰ نے صرف مسلمانوں کیلئے ہی نہیں بلکہ اللہ کے تمام بندوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا ،اسی لئے آپ ﷺ کو رحمتہ للعالمین کہاجاتا ہے ۔اعجاز احمد خان نے کہاکہ یومِ ولادت ِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم یعنی اس عظیم الشان شخصیت کا جنم دن ،جسے تمام عالم کے کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔وہ دن واقعی بڑی ہی عظمت و برکت کا حامل تھا،اس لیے کہ اس مبارک دن میں رحمةللعالمین حضرت محمد مصطفی احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اس عالمِ رنگ و بو میں تشریف لائے۔انہوںنے کہاکہ آج کل ہمارے معاشرے میں بدعات و خرافات کارواج ہے، باطل نظریات اور غلط عقائد وافکار کی حکمرانی ہے، رفتہ رفتہ وہ بدعات اورخرافات پھیل جاتی ہیں اور معاشرے میں اس کی جڑیں مضبوط ہوجاتی ہیں۔ سینئرٹریڈیونین لیڈراعجازاحمدخان نے کہاکہ یہ ایک سچائی ہے کہ اسلام میں حضور اکرم ﷺ کا مقام انتہائی اونچا ہے، کوئی دوسرا وہاں تک رسائی نہیں حاصل کرسکتا۔رسول پاک ﷺکی تعلیمات اوراسوہ حسنہ سے مسلمانوں کو آگاہ کرنا اسلام کا اہم ترین فریضہ ہے اوراس میں مسلمانوں کی کامیابی کا راز مضمر ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ حضور اکرم صﷺ کی ولادت خوشی کا باعث ہے۔ مسلمانوں کے دلوں میں حضورﷺ کی پیدائش کی خوشی ہونا فطری اور طبعی بات ہے؛ لیکن مسلمانوں پریہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قرآن واحادیث کی تعلیمات پر کاربند رہیں تاکہ دیگر اقوام کویہ پیغام مل سکے کہ رسول پاک ﷺ کے اُمتی کس قدر انسان اورامن نواز ہیں ،کس قدر بھائی چارے اورہم آہنگی کے علمبردارہیں ۔انہوںنے کہاکہ آج نہ جانے کتنے لوگوں کوانسانی حقوق کاعلمبردار اورحقوق نسواں کامحافظ کہاجاتاہے لیکن دنیا اس مسلمہ حقیقت سے بخوبی واقف ہے کہ انسانوں بشمول غلاموں ،کمزوروں ،اقلیتوں یعنی غیر مسلموں ،خواتین ،بے سہارا لوگوں ،بیواﺅں اوریتیموں کے حقوق کااصل علمبردار اگرکوئی ہیں تووہ اللہ کے آخری رسول حضرت محمدﷺ ہیں ،جنہوںنے زمانہ جہالت میں بھی خواتین اوردیگرکمزور لوگوںکے حقوق کی حفاظت کویقینی بنایا۔ سینئرٹریڈیونین لیڈراعجازاحمدخان نے کہاکہ عیدمیلادالنبیﷺ کے موقعہ پر اسبات کااعادہ کرنا ہوگاکہ ہم اس دنیا کو سبھی لوگوں کیلئے محفوظ بنائیں گے ،کسی غلط کاری کے حامی یاطرفدارنہیں بنیں گے ۔انہوںنے کہاکہ آج دنیا کو فسادات ومنافرت ،ہلاکتوں وبربادیوں اورمختلف نوعیت کی تباہیوں کاسامنا ہے ،اوران سبھی مشکلات وآزمائشوں سے نجات پانے کاایک ہی راستہ ہے کہ رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات کوعام کرکے ان پرعمل درآمد کویقینی بنایا جائے ،کیونکہ ہردورکیلئے رسول رحمت ﷺ کی حیات مبارکہ اللہ کے سبھی بندوں کیلئے واحد مشعل راہ اورنجات کاراستہ ہے۔