نئی دہلی/قومی دارالحکومت کے کچھ حصوں اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پیر کی علی الصبح شدید بارش ہوئی ہے۔ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے یہ معلومات دی ہیں۔ بارش کی وجہ سے درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس تک گر گیا ہے۔
محکمہ نے دہلی کے لیے یلوالرٹ جاری کرتے ہوئے یہاں اوراس کے گردونواح میں گرج کے ساتھ درمیانہ درجے کی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
آئی ایم ڈی نے اپنے صبح کے بلیٹن میں کہا ہے، "پوری دہلی سمیت گروگرام، گوہانہ، گنور، ہوڈل، اورنگ آباد، پلول، فرید آباد، بلبھ گڑھ، پانی پت، سوہانہ اورمضافات میں گرج کے ساتھ تیز بارش جاری رہے گی۔”
محکمہ نے کہا ہے کہ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ملی میٹر بارش ہوئی اور نمی کی سطح 90 فیصد درج کی گئی ہے۔
رات بھر موسلا دھار بارش سے دہلی کے کئی حصوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے ٹریفک سست ہو گیا ہے۔
اس درمیان دہلی ٹریفک پولیس نے شہرکے کئی حصوں میں پانی جمع ہوجانے سے لوگوں کو کچھ راستوں سے بچنے کے لئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
پولیس نے ٹویٹ کیا، "پل پرہلاد پور انڈرپاس پر پانی جمع ہونے کے سبب ایم جی روڈ بند ہے۔ راہگیر مہرولی متھرا روڈ انڈرپاس، سریتا وہار فلائی اوور یامودی مل فلائی اوور کی طرف جانے والے متبادل راستوں کا سہارا لے سکتے ہیں اوراسی طرح سے بدرپور کا راستہ اختیارکرسکتے ہیں۔
اس درمیان آئی ایم ڈی نے اتراکھنڈ میں پیر کو ہونے والی شدید بارش کے پیش نظر ریڈ الرٹ اور منگل تک اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ نے پیر کو ریاست کے الگ الگ مقامات پر انتہائی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اتراکھنڈ، مغربی اتر پردیش اور ہریانہ میں 17 اور 18 اکتوبر کو گرج کے ساتھ تیز شدید بارش کاامکان ظاہرکیا ہے۔
انتظامیہ نے جاری الرٹ کے پیش نظر کچھ اضلاع میں اسکول، کالج اورآنگن باڑی مراکز سمیت تعلیمی اداروں کو بندکرنے کااعلان کیا ہے۔
یواین آئی