بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
5.1 C
Srinagar

نیشنل کانفرنس کے تنظیمی انتخابات: ناصر اسلم وانی صوبائی صدر کشمیر اور رتن لعل گپتا صوبائی صدر جموں منتخب

سری نگر، 16 اکتوبر :نیشنل کانفرنس کے ہفتے کو منعقد ہونے والے تنظیمی انتخابات میں ناصر اسلم وانی اور رتن لعل گپتا بالترتیب کشمیر اور جموں صوبوں کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
پارٹی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ تنظیمی انتخابات کے سلسلے میں ہفتے کو صوبہ جموں اور صوبہ کشمیر کے صوبائی صدور کا الیکشن عمل میں لایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ صدر صوبہ کشمیر کا انتخاب پارٹی کے سٹیٹ سکریٹری ایڈوکیٹ چودھری محمد رمضان اور وسطی زون صدر علی محمد ڈار کی نگرانی میں منعقد ہوا اور اس دوران سینئر پارٹی لیڈر ناصر اسلم وانی چوتھی مرتبہ بلا مقابلہ صوبائی صدر منتخب ہوئے۔
یاد رہے کہ صوبہ کشمیر کے تمام اضلاع میں الیکشن کے دوران بھی ضلع صدور، بلاک صدور اور ڈیلی گیٹ حضرات نے ناصر اسلم وانی کو بحیثیت صوبائی صدر اعتماد کا ووٹ دیا تھا۔
اُدھر صدر صوبہ جموں کا انتخاب پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال اور نائب صدر صوبہ پنڈت انیل دھر کی نگرانی میں منعقد ہوا جس میں سینئر پارٹی لیڈر ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا کو بلا مقابلہ صوبائی صدر منتخب کیا گیا۔
اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈران سید مشتاق بخاری، اجھے سدھوترا، عبدالغنی ملک، خالد نجیب سہروردی، جاوید رانا، اعجاز جان، بملا لتھرا، ستونت کور ڈوگرا، سجاد شاہین، حاجی شیخ بشیر احمد اور دیگر سرکردہ لیڈران، خواتین اور یوتھ نگ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
اس موقعے پر دونوں منتخب صوبائی صدور کو پارٹی لیڈران نے پھولوں کے ہار پہنائے اور مبارکباد پیش کی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img