سری نگر/ آیوش کے مرکزی وزیر سربانند سونوال کا کہنا ہے کہ کشمیر کے لوگ مہاجر پنڈتوں کی گھر واپسی کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سب لوگ مل کر ایک اچھا ماحول بنانے میں لگے ہوئے ہیں جس کے لئے میں ان کو مبارک بادی دیتا ہوں۔
موصوف مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز شمالی ضلع بارہمولہ کے خواجہ باغ علاقے میں کشمیر مائیگرنٹ پنڈتوں کے لئے تعمیر ہونے والے ’ٹرانزٹ کیمپ‘ کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’ہم مائیگرنٹ پنڈتوں کو پھر سے واپس لانے کے لئے 40 کروڑ روپیے کی لاگت سے ٹرانزٹ کیمپ بنا رہے ہیں جو حکومت کا ایک بہت ہی بڑا قدم ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کیمپ میں 336 کنبوں کے رہنے کی گنجائش ہوگی۔موصوف مرکزی وزیر نے کہا کہ کشمیری بھی چاہتے ہیں کہ مہاجر پنڈت واپس آجائیں۔
ان کا کہنا تھا: ’یہاں کے لوگ بھی یہی چاہتے ہیں کہ وہ (مہاجر کشمیری پنڈت) واپس آجائیں اور یہاں سکھ شانتی کے ساتھ رہیں‘۔مسٹر سونوال نے کہا کہ آج جموں وکشمیر میں شانتی ہے اور یہاں کے لوگ مل جل کر اچھا ماحول بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں سب لوگ ہمیشہ مل جل کر رہیں۔





