ٹی ایس وزیر کے قتل کے الزام میں جموں کا شہری گرفتار: دلی پولیس

ٹی ایس وزیر کے قتل کے الزام میں جموں کا شہری گرفتار: دلی پولیس

جموں،15 ستمبر (یو این آئی) دلی پولیس نے نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر ٹی ایس وزیر کے قتل کے الزام میں جموں سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
بتا دیں کہ 67 سالہ ٹی ایس وزیر کو دلی کے موتی نگر علاقے میں 9 ستمبر کو پراسرار طور پر ایک فلیٹ کے واش روم میں مردہ پایا گیا تھا۔
موصوف لیڈر یکم ستمبر کو دلی پہنچے تھے اور انہیں تین ستمبر کو کنیڈا روانہ ہونا تھا کہ اس دوران وہ لاپتہ ہوئے تھے۔
ایڈیشنل ڈی سی پی مغربی دلی پرشانت گوتم نے بدھ کے روز اپنے ایک مختصر بیان میں کہا کہ جموں سے تعلق رکھنے والے راجیو کو جموں و کشمیر کے سابق رکن قانون ساز ترلوچن سنگھ وزیر کے موت میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار شدہ ملزم نے انکشاف کیا کہ تین ستمبر کو ہونے والے اس واقعے، جس میں وزیر کو گولی مار کر جاں بحق کر دیا گیا تھا، کے دوران چار افراد موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ متوفی لیڈرکو غذا کے ساتھ نشہ آور ادویات بھی دی گئی تھیں۔
اس قتل کیس کی تحقیقات دلی پولیس کی کرائم برانچ کے سپرد کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹی ایس وزیر دلی میں امرتسر سے تعلق رکھنے والے ہرپریت سنگھ اور جموں کے ہرمیت سنگھ کے ساتھ ایک فلیٹ میں قیام پذیر تھے۔
یہ دنوں ہرپریت اور ہرمیت فرار ہیں جبکہ ان کی تلاش کے لئے کئی پولیس ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔
ہرمیت سنگھ نے اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے وزیر کو کسی بات پر گرم بحث و تکرار ہونے کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا اس میں ہرپریت کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔
ان کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ وزیر نے اس کو اور اس کے بیٹے کو مارنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
یو این آئی-

Leave a Reply

Your email address will not be published.