احتیاط نہیں کی گئی تو کورونا کی تیسری لہر سری نگر سے شروع ہو سکتی ہے: ضلع مجسٹریٹ

احتیاط نہیں کی گئی تو کورونا کی تیسری لہر سری نگر سے شروع ہو سکتی ہے: ضلع مجسٹریٹ

سری نگر،15 ستمبر (یو این آئی) ضلع مجسٹریٹ سری نگر اعجاز اسد کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے کل کورونا کیسز میں سے قریب60 فیصد کیسز ضلع سری نگر میں درج ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر احتیاط نہیں کی گئی تو کورونا کی تیسری لہر کی شروعات سری نگر سے ہی ہو سکتی ہے۔ضلع مجسٹریٹ نے یہ باتیں بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کو بتائیں۔

انہوں نے کہا: ‘کچھ دن پہلے بڑے اجتماعات ہوئے جس کی وجہ سے شہر کے کچھ علاقوں میں کورونا کے کیسز زیادہ درج ہونے لگے ہیں جہاں ہمارے روزانہ 20 کیسز درج ہوتے تھے آج 80 کے قریب کیسز روز درج ہو رہے ہیں’۔

موصوف کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں کل کورونا کیسز میں سے قریب 60 فیصد کیسز سری نگر میں ہی درج ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘مجھے لگتا ہے کہ اگر احتیاط نہیں کی گئی تو کورونا کی تیسری لہر کی شروعات سری نگر سے ہی ہو گی’۔

اعجاز اسد نے کہا کہ سری نگر میں کل 88 کنٹینمنٹ زونز ہیں جن میں سے 22 علاقوں کو گزشتہ ماہ ہی کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا۔انہوں نے لوگوں سے تاکید کی کہ وہ تمام تر کورونا گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کر کے اس وبا کو پھیلنے سے روکیں۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.