جموں/ صوبہ جموں کے ضلع رام بن میں سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر منگل کی صبح ایک سڑک حادثے میں ٹرک ڈرائیور کی موت جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی رام بن پی ڈی نتیا نے بتایا کہ ہمیں منگل کی صبح قریب سوا پانچ بجے اطلاع موصول ہوئی کہ جموں سے سری نگر جا رہے ایک ٹرک ٹرالر کو مونکی موڑ پر ایک ٹرک کے ساتھ زور دار ٹکر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹکر کے بعد دونوں گاڑیاں ڈھائی سو سے تین سو میٹر گہری کھائی میں جا گری ہیں۔موصوف ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ حادثے کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور جس کی شناخت 35 سالہ انجو کمار ترپاٹھی ساکن کانپور کے بطور ہوئی ہے، کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرک کا ہلپر اوم نارائن ساکن کر تھولی اتر پردیش اور ٹرالر کا ڈرائیور راجو رام زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کیا ہے۔
یو این آئی