سری نگر،4 ستمبر (یو این آئی) ڈائریکٹر جنرل فیملی ویلفیئر اینڈ امیونائزیشن ڈاکٹر سلیم الرحمان کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں ماہ رواں کے دوران18 لاکھ لوگوں کی کورونا ٹیکہ کاری کی جائے گی۔
انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ ماہ گزشتہ کے دوران یونین ٹریٹری میں 17 لاکھ لوگوں کی کورونا ٹیکہ کاری کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کے بارے میں پھیلائی جانے والی تمام افواہیں غلط ثابت ہو رہی ہیں اور یہ ویکسین محفوظ بھی ہے اور بہت ہی موثر بھی ہے۔
موصوف ڈائریکٹر جنرل نے باتوں کا اظہار محکمہ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ڈی ڈی کاشر پر نشر ہونے والے ایک پروگرام میں بات کرنے کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا: ’ہمارے لئے ٹیکہ کاری کا عمل کوئی نیا عمل نہیں ہے ہماری آج تک یونین ٹریٹری میں ویکسینیشن کی شرح قریب 98 فیصد ہے جو ملک کی کئی ریاستوں کی شرح سے کافی زیادہ ہے، ہمارا عملہ ٹھٹھرتی سردی ہو یا شدت کی گرمی ہو جانفشانی سے کام کر رہا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں سال 2014 میں پولیو ختم ہوا جبکہ جموں و کشمیر میں پولیو سال 1999 میں ہی ختم ہوا تھا۔
یو این آئی