بیورو آف پولیس ریسرچ بدلتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے میں پولیس کو اہل بنائیں : شاہ

بیورو آف پولیس ریسرچ بدلتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے میں پولیس کو اہل بنائیں : شاہ

نئی دہلی، 4 ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ اگلی دہائی ملک کی ترقی کے لیے بہت اہم ہے، اس لیے بیورو آف پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (بی پی آر اینڈ ڈی) کو پولیس دستوں کو داخلی اور بیرونی سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں ہر طرح سے اہل بنانے کی سمت میں تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مسٹر شاہ نے آج یہاں بی پی آر اینڈ ڈی کے 51 ویں یوم تاسیس کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی داخلی سلامتی کی ذمہ داری پولیس کے ہاتھوں میں ہے جبکہ مختلف سنٹرل پولیس فورسز سرحدوں کی مستعدی سے نگرانی کر رہی ہیں۔ انہیں یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے کہ ملک بہت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان 5 کھرب روپے کی معیشت بننے کی طرف بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اسے آگے بڑھنے سے روکنے کے لیے مختلف سطحوں پر کوششیں کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں ہماری پولیس فورس کو بڑھتے اور مسلسل بدلتے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مستعدی کےساتھ تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کو ریاستی پولیس اور سنٹرل پولیس فورسز کو ہر طرح سے بااختیار بناتے ہوئے اور ان کی صلاحیت میں اضافہ کرکے اس معاملے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.