پاگل کتے کو مارنے والے پولیس اہلکار کے خلاف انکوائری کے احکامات صادر: کشتواڑ پولیس

پاگل کتے کو مارنے والے پولیس اہلکار کے خلاف انکوائری کے احکامات صادر: کشتواڑ پولیس

جموں، 28 اگست (یو این آئی) کشتواڑ پولیس نے ایک پاگل کتے کو مارنے پر ایک پولیس اہلکار کے خلاف انکوائری کے احکامات صادر کئے ہیں۔

بتا دیں کہ ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں ایک پولیس اہلکار کو ایک کتے کو ڈنڈے سے مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ایک دوسرے آدمی کو کتے پر کچھ چھڑکتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اس ویڈیو کو جانوروں کو پسند کرنے والوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور مرتکبین کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔یہ واقع قصبہ کشتواڑ کے قلب میں پیش آیا ہے۔

ایس ایس پی کشتواڑ شفقت بٹ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یہ ایک پاگل کتا تھا لیکن اس کے باوجود بھی ہم اس معاملے میں انکوائری کر رہے ہیں۔

جانوروں کے ساتھ محبت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کی یہ حرکت جانوروں کے ساتھ ظلم کرنے کے زمرے میں آتی ہے۔
انہوں نے کہا ک اگرچہ پولیس نے اس ضمن میں انکوائری کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں لیکن پولیس اہلکار کی شناخت ابھی معلوم نہیں کی گئی ہے۔

جانوروں کو پسند کرنے والی پرگتی کھنہ نے مرتکبین کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘یہ ویڈیو کشتواڑ کا ہے جہاں ایک پولیس افسر نے ایک کتے کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا مہربانی کر کے اس کے خلاف فوری کارروائی کریں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کریں، اس کو گرفتار کر کے معطل کریں۔ جب آپ جانور کو بچا نہیں سکتے ہو تو انسان کو کیسے بچا سکتے ہو’۔

ہرش جرولی نامی ایک اور شہری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ اس ظلم کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار اور کچھ لوگوں کے ہاتھوں مارنے سے قبل اس پاگل کتے نے قصبے میں دہشت پھیلا رکھا تھا اور کم سے کم سات افراد کو کاٹا تھا۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.