دارالخیر میرواعظ منزل نے پالہ پورہ سرینگر کے آگ متاثرین میں ضروری چیزیں تقسیم کیں

دارالخیر میرواعظ منزل نے پالہ پورہ سرینگر کے آگ متاثرین میں ضروری چیزیں تقسیم کیں

سرینگر/دارالخیر میرواعظ منزل سرینگر نے گزشتہ دنوں شہر سرینگر کے پالہ پورہ گذربل نورباغ کے رہائشی علاقے میں ایک بھیانک آتشزدگی کے واقعہ کے نتیجے میں تقریباً ایک درجن رہائشی مکانات اور املاک و جائیداد خاکستر ہونے پر زبردست دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ میں متاثرین کی فوری باز آبادکاری اور امداد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایک بیان کے مطابق اس بیچ دارالخیر میرواعظ منزل سرینگر کے نظر بند رکھے گئے سرپرست اعلیٰ جناب میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمرفاروق کی ہدایت پر ایک وفدنے جس کی قیادت دارالخیر کے رکن مفتی غلام رسول سامون کررہے تھے نے پالہ پورہ گذربل نورباغ جاکر دس کنبوں کے متاثرین میں چاول ، آٹا،کمبل اور کچن کٹ(Kitchen kit) وغیرہ اور بنیادی ضروریات کی چیزیں بطور امداد پیش کیں اور ان کے ساتھ دارالخیر کی جانب سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ۔
اس دوران COVID-19 کی قہر انگیز وبا اور غریب عوام کو درپیش شدید مالی مشکلات کے تناظر میں دارالخیر کے زیر اہتمام Feed a family campaign کے تحت مستحق کنبوں کے مابین امداد اور معاونت کی مہم برابر جاری ہے ۔ چنانچہ دارالخیر کی امدادی ٹیم نے عیدگاہ سرینگر، آستانہ عالیہ سرائے بالا ، نٹی پورہ، اور بوٹہ شاہ محلہ لالبازار سرینگر وغیرہ مقامات پرجاکرمسجد کمیٹیوں کے ذمہ داروں تک امدادی سامان بصورت کٹ جس میں تقریباً دو ماہ کا راشن موجود ہے، پہنچائی۔ اس دوران رواں سنگین صورتحال اور معاشی بدحالی کے پیش نظر دارالخیر میرواعظ منزل نے ایک بار پھرتمام صاحب ثروت حضرات سے پُر زور اپیل کی ہے کہ وہ حسب سابق ادارہ کے ساتھ مالی معاونت کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ دارالخیر اپنے دستور اور منشور کے مطابق بلا امتیاز مذہب و ملت اپنا امدادی مشن پوری یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھا سکے۔
اس کے لئے درج ذیل جے کے بینک اکاؤنٹ نمبر0086010100003534، IFSC Code: JAKA0BULBUL میںاپنے عطیات ،خیرات، زکوٰة اور صدقات جمع کرکے اجر دارین حاصل کریں۔
دارالخیر نے ان تمام مالی معاونت کرنے والے اصحاب خیر ، مخلصین اور محبین کا دلی شکریہ ادا کیا ہے جو تسلسل کے ساتھ دارالخیر کے اکاؤنٹ نمبر میں online حسب حیثیت اپنے عطیات ،خیرات اور امداد جمع کرا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.