جموں و کشمیر میں نائٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے: سپورٹس کونسل

جموں و کشمیر میں نائٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جا رہا ہے: سپورٹس کونسل

جموں، 24 جولائی (یو این آئی) جموں و کشمیر سپورٹس کونسل نے یونین ٹریٹری میں سپورٹس کے مختلف شعبوں میں نائٹ ٹورنامنٹس کے دوبارہ انعقاد کا آغاز کیا ہے۔
بتا دیں کہ جموں و کشمیر میں اگرچہ دن کے دوران کھیل سرگرمیاں جاری تھیں تاہم نائٹ ٹورنامنٹس نامساعد حالات کی نذر ہوگئے تھے۔
کونسل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں سپورٹس کے فروغ کی طرف کافی دھیان دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر سپورٹس کونسل سپورٹس کو یونین ٹریٹری کے گوشہ و کنار میں پہنچانے کے لئے کافی سرگرم ہے اور اس سلسلے میں سپورٹس کے مختلف شعبوں میں نائٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کا اہتمام کیا جا رہا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت باسکٹ بال، فٹ بال، کبڈی اور بکسنگ کے شعبوں میں ان نائٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا اور آنے والے دنوں میں سپورٹس سرگرمیوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔
جموں و کشمیر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے پرنسپل سکریٹری الوک کمار نے یو این آئی کو بتایا کہ کورونا وبا کی وجہ سے سپورٹس سرگرمیاں مفقود ہو کر رہ گئی تھیں لیکن اب یہ وبا قدرے تھم جانے کے ساتھ ہی سپورٹس سرگرمیوں کو بڑھایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں پہلے پریمیئر لیگ میچز شروع کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا: ‘یونین ٹریٹری میں نائٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کو بحال کیا جا رہا ہے جس کے لئے تمام اضلاع کے سپورٹس اسٹیڈموں میں ضروری سہولیات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے’۔
مسٹر کمار کا کہنا تھا کہ ہم نے دیکھا کہ نائٹ ٹورنامنٹس کے دوران لوگ کھیل سے لطف اندوز بھی ہو رہے ہیں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کھیل سرگرمیوں کو آگے بھی جاری رکھا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام تر سہولیات کو فراہم کیا جائے گا۔
دریں اثنا سکریٹری جموں و کشمیر سپورٹس کونسل نزہت گل نے یو این آئی کو بتایا کہ نائٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کے متعلق لوگوں میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یونین ٹریٹری کے لوگ کس قدر سپورٹس کے شوقین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نائٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد یونین ٹریٹری کے دونوں صوبوں جموں اور کشمیر میں کیا جا رہا ہے اور اس اقدام کو ‘بیک ٹو کمیونٹی’ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیل سرگرمیوں کو مزید بڑھا دیا جائے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.