بی جے پی سے وابستہ شوپیان میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین، کارپوریٹر، پنچ اور سرپنچ نیشنل کانفرنس میں شامل
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ پنڈت برادری کو سماج کا ایک اہم جُز اور اہم حصہ قرار دیتی آئی ہے اور پارٹی کے نزدیک کشمیر اُس وقت ادھورا ہے جب تک نہ ہمارے کشمیری پنڈت بھائی عزت و آبرو کیساتھ یہاں واپس آکر رہائش پذیر ہونگے۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر پُروقار تقریب پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس تقریب کا انعقاد بی جے پی سے وابستہ شوپیان میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین، کارپوریٹر، سرپنچ اور پنچوں کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ پارٹی میں شمولیت اختیارات کرنے والوں میں اشوک کمار بالی وائس چیئرمین میونسل کمیٹی شوپیان، سُشما بالی کونسلر، رجندر کمار بالی کونسلر، راجندر کول پنچ اور منجو کول سرپنچ کے نام قابل ذکر ہیں۔
اس موقعے پر پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران سکینہ ایتو، شمیمہ فردوس، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، علی محمد ڈار، ایم کے یوگی، شوکت حسین گنائی، ایڈوکیٹ شبیر احمد کلے، صبیہ قادری اور دیگر لیڈران موجود تھے۔ ساگر نے کہا کہ پنڈتوں کے بغیر کشمیر ادھورا ہے اور پنڈت برادری کشمیری سماج کے اہم حصہ ہیں۔ نیشنل کانفرنس نے ہر بار حکومت میں آکر پنڈتوں کی راحت رسانی کا کام کیا۔
انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور اُن پر زور دیاکہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے تن دہی سے کام کریں اور جموں و کشمیر میں اقلیتوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ تقریب پر حلقہ انتخاب سونہ وار سے تعلق رکھنے والی اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں سماجی کارکن عرفا جان اور منتہا جان نے بھی نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقعے پر پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا گرم جوشی سے خیر مقدم کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔