میں دیکھ رہا ہوں کہ لوگ بغیر ماسک پہنے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

میں دیکھ رہا ہوں کہ لوگ بغیر ماسک پہنے بازاروں کا رخ کر رہے ہیں: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

سری نگر،/ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ بار بار اپیل کرنے کے باوجود لوگ سڑکوں پر بغیر ماسک پہنے چلتے پھرتے نظر آ رہے ہیں۔

انہوں نے لوگوں سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں تاکہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ‘عوام کی آواز’ کے دوران کہا: ‘میں اس پروگرام میں بار بار آپ سے کورونا کے پیش نظر احتیاط کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ میں نے پچھلے کچھ دنوں سے دیکھا کہ لوگ لاپرواہی کر رہے ہیں۔ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔ بار بار اپیل کے باوجود سڑکوں پر لوگ ماسک کے بغیر چلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں’۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘میری آپ سب سے ہاتھ جوڑ کر اپیل ہے کہ مہربانی کر کے احتیاط برتیں۔ ایس او پیز پر عمل کرنے سے ہم اس بیماری کو دور رکھ سکتے ہیں۔ ایس او پیز پر عمل کرنے سے آپ نہ صرف اپنی بلکہ اپنے خاندان کی زندگی بچا سکتے ہیں نیز عوام کی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں’۔

منوج سنہا نے لوگوں کو عید الاضحیٰ کی پیشگی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عید منانے کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا: ‘اکیس جولائی کو پورے ملک کے ساتھ جموں و کشمیر میں بھی عید الاضحیٰ کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ میں آپ سب کو عید کی مبارکباد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ہم سب اس تہوار کو منائیں گے’۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.