بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
9.6 C
Srinagar

جموں و کشمیر: گرم ترین دن کے بعد بارشیں، لوگوں کو ملی راحت

سری نگر/ سال رواں کے اب تک کے گرم ترین دن کے بعد جموں و کشمیر میں پیر کی صبح بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوا جس سے لوگوں کو سخت گرمی سے راحت نصیب ہوئی۔

سری نگر میں اتوار کے روز دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جموں میں اتوار کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دونوں مقامات پر رواں سیزن کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔

بتا دیں کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر پیر کی صبح بارش ہوئی۔متعلقہ محکمے کے مطابق جموں و کشمیر میں 21 جولائی تک بارشیں ہو سکتی ہیں اور اس دوران کئی مقامات میں فلش فلڈ آنے کا بھی امکان ہے

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں 21 جولائی تک بارشیں ہو سکتی ہیں۔ سیلاب آںے کا کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم فلش فلڈ آ سکتے ہیں لہٰذا خبردار رہنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔

انہوں نے بالائی علاقوں کے لوگوں کو چوکس رہنے کی تاکید کی ہے اور سیاحوں سے پہاڑوں اور ندی نالوں کے کناروں پر خیمے لگانے سے احتیاط کرنے کی اپیل کی ہے۔

دریں اثنا وادی میں پیر کی صبح بارشیں ہوئیں اور بعد ازاں موسم ابر آلود مگر خوشگوار رہا جس سے لوگوں کو راحت نصیب ہوئی۔متعلقہ محکمے کے مطابق سری نگر میں 1.8ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ جموں میں 5.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں 2.6 ملی میٹر جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں26.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں 2.6 ملی میٹر جبکہ قاضی گنڈ میں 14.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img