رام بن /سرینگر ۔جموں شاہراہ پر رام بن کے مقام پر ایک گاڑی جس میں آٹھ مسافر سوار تھے ، بدھوار کی صبح گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں شیر خوار بچے سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ 4دیگر افراد شدید زخمی ہوئے۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ خونی نالہ کے نزدیک پیش آیا اور یہ گاڑی مزدوروں کو لیکر چتھیس گڑھ سے آرہی تھی ۔خبررساں ادارے جی این ایس کے مطابق ٹاٹا موبائل زیر رجسٹرڈ نمبر (JK02AP-4588) جموں سے سرینگر کی طرف آرہی تھی ،جس دوران ڈرائیور گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور گہری کھائی میں جاگری ۔
تین افراد کی موقعے پر موت ہوگئی اور انکی لاشیں کیوک ایکشن ٹیم اور ایس ڈی آرایف نے ریسکیو آپریشن کے دوران برآمد کیں ۔پانچ دیگر زخمیوں جن میں آٹھ ماہ کا ایک بچہ اریان ولد دیپک ساہو بھی شامل تھا ،کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں معصوم زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ۔
مرنے والوں کی شناخت نارائن منجی ولد رمیش منجی ،دنیش کمار ولد باگھی رتھ اور ماگہی لعل ولد امر سنگھ ساکنان چتھیس گڑھ کے بطور ہوئی ۔ایس ایچ او رام سو روف خان نے حادثے کی تصدیق کی ۔