بدھ, جولائی ۹, ۲۰۲۵
27.9 C
Srinagar

کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کے بعد پی اے جی ڈی کا منگل کو اجلاس طلب

سری نگر، 28 جون (یو این آئی) دلی میں گذشتہ ہفتے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کرنے کے بعد پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) مستقبل کی حکمت عملی پر گفت و شنید کرنے کے لئے منگل کے روز یہاں اپنا اجلاس طلب کر رہی ہے۔

پی اے جی ڈی کے ترجمان اور سی پی آئی (ایم) کے سینیئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے یو این آئی کو بتایا کہ الائنس کے ممبران منگل کے روز اتحاد کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی گپکار میں واقع رہائش گاہ پر جمع ہو کر مستقبل کی حکمت عملی پر بات چیت کریں گے۔

الائنس کے ایک اور ممبر نے کہا کہ میٹنگ میں وزیر اعظم کے ساتھ منعقدہ کل جماعتی میٹنگ کے تناظر میں مستقبل کی حکمت پر بات چیت ہوگی۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ماہ رواں کی 24 تاریخ کو دلی میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر جموں و کشمیر کے سیاسی جماعتوں کی ایک میٹنگ طلب کی تھی۔ اس میٹنگ میں جموں وکشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوں کے چودہ لیڈروں نے شرکت کی تھی۔

میٹنگ میں جموں و کشمیر میں اسمبلی نشستوں کی حد بندی، انتخابات اور ریاستی درجے کی بحالی سب سے خاص طور پر موضوع بحث رہے تھے۔
یہ پانچ اگست 2019 کو جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن کے خاتمے کے بعد پہلی بار ہوا کہ وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے سیاسی لیڈروں کی کل جماعتی میٹنگ طلب کی۔

محمد یوسف تاریگامی نے کل جماعتی میٹنگ کے ایک روز بعد یعنی 25 جون کو نئی دہلی سے یو این آئی اردو کو فون پر بتایا تھا کہ وزیر اعظم مودی نے ہمیں بغور سنا لیکن مطالبات پورا کرنے اور گوناگوں خدشات کا ازالہ کرنے کی کوئی ٹھوس یقین دہانی نہیں کرائی۔

ان کا کہنا تھا: ‘جہاں تک بات، توقعات یا میٹنگ سے کیا نکل کر آیا ہے، کی ہے پہلی بات یہ ہے کہ ہمیں بولنے کا موقع ملا ہے اور دوسری بات یہ ہے کہ ہمیں اپنے مطالبات و خدشات پر وزیر اعظم کی طرف سے کوئی ٹھوس یقین دہانی نہیں ملی ہے۔ میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہوں گا۔’

ان کا مزید کہنا تھا: ‘میں نے وزیر اعظم سے کہا کہ آپ نے میٹنگ بلائی اور ہمیں بولنے کا موقع دیا جو ایک قابل تحسین اقدام ہے لیکن اچھا یہ ہوتا اگر ایسی ایک میٹنگ پانچ اگست 2019 کے فیصلے لئے جانے سے قبل بلائی جاتی’۔

یو این آئی 

Popular Categories

spot_imgspot_img