ہم نے اسمبلی انتخابات کرانے سے پہلے ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے: غلام نبی آزاد

ہم نے اسمبلی انتخابات کرانے سے پہلے ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے: غلام نبی آزاد

سری نگر، 25 جون (یو این آئی) سینیئر کانگریس لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے کہا کہ وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ میں سبھی جماعتیں اس بات پر مصر رہیں کہ ریاستی درجے کی بحالی کے بعد ہی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ہونے چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی بحالی پر سبھی جماعتوں کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت ہے اس لئے اس پر بات نہیں کریں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو پانچ چیزیں ہم نے مانگی ان میں سے تین پر وزیر داخلہ امت شاہ نے بات کی۔

موصوف نے یہ باتیں قومی راجدھانی نئی دہلی میں ایک نیوز چینل کے ساتھ گفتگو کے دوران کہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم نے پانچ چیزیں مانگیں، دفعہ 370 کا معاملہ چونکہ عدالت عظمیٰ میں ہے اس لئے ہم نے اس پر بات نہیں کی اور نہ ہی اس کی مانگ کی باقی جماعتوں کے لیڈروں نے خود بھی کہا کہ دفعہ 370 عدالت میں زیر سماعت ہے اس لئے یہاں آج اس پر بات نہیں کریں گے’۔

مسٹر آزاد نے کہا کہ میٹنگ میں ہم نے الیکشن سے پہلے ریاستی درجے کی بحالی کی بات رکھی۔انہوں نے کہا: ‘ہم نے جموں و کشمیر میں جلدی اسمبلی انتخابات کرانے کی بات کی جس کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ چونکہ سات سیٹیں بڑھ گئی ہیں لہٰذا پہلے اسمبلی نشستوں کی سر نو حد بندی کرنی ہے اس کے بعد انتخابات ہوں گے لیکن ہم نے زور دیا کہ انتخابات سے پہلے ریاستی درجے کی بحالی ہونی چاہئے جس میں گورنر ہو نہ کہ لیفٹیننٹ گورنر’۔

ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے کشمیری پنڈتوں کی واپسی کی بات کی اور یہاں زمین اور نوکریاں یہاں کے لوگوں کے لئے ہی محفوظ رہنے کی بھی بات کی’۔

موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے سیاسی قیدیوں کی رہائی کی بات کی جس پر وزیر داخلہ نے بتایا کہ کئی ہزار بند تھے، قیدیوں کو وقت وقت پر رہا کیا گیا ہے اور جو ابھی بھی بند ہیں ان پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے دوران سبھی لیڈروں نے، کسی نے انگریزی میں، کسی نے ہندی میں تو کسی نے اردو میں، ان ہی معاملات کے آس پاس بات کی۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.