کشمیر میں گرو ہرگوبند سنگھ کا یوم پیدائش مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

کشمیر میں گرو ہرگوبند سنگھ کا یوم پیدائش مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

سری نگر، 25 جون (یو این آئی) وادی کشمیر میں جمعے کو سکھوں کے چھٹے گرو ہرگوبند سنگھ کا یوم پیدائش یا پرکاش پرو انتہائی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
جمعے کی صبح سے ہی سکھ برادری سے وابستہ عقیدت مندوں کا گردواروں اور دوسرے مذہبی مقامات پر تانتا بندھا رہا۔ بیشتر عقیدت مند کورونا وائرس سے بچائو کے ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرتے ہوئے نظر آئے۔
وادی میں گرو ہرگوبند سنگھ کے جنم دن کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومی (رح) کی زیارت گاہ اور شاریکا دیوی کا مندر نزدیک میں ہی واقع ہیں۔
سکھ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد، جس میں خواتین، بوڑھے اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے صبح سویرے سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کی تھی۔
اس موقعے پر سکھ عقیدت مندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار جس نے جمعے کی صبح اس گردوارے کا دورہ کیا، نے بتایا کہ گردوارے کے باب الداخلے پر سینیٹائزر اور ماسکس رکھی گئی تھیں اور ہر عقیدت مند کے جسم کا درجہ حرارت چیک کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گردوارے کے باب الداخلے پر رضاکار تعینات کئے گئے تھے جو عقیدت مندوں اور میڈیا اہلکاروں کو ایک ایک کر کے اندر جانے کی اجازت دے رہے تھے۔
چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، صنعت نگر ، برزلہ اور وادی کے دوسرے مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں آیا۔
صوبہ جموں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق وہاں بھی گرو ہرگوبند سنگھ جی کا جنم دن انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ہے۔
اس موقع پر شہر کے تمام گردواروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ صوبے کے دوسرے اضلاع بشمول ادھم پور، کٹھوعہ اور سانبہ میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.