سری نگر، 25 جون (یو این آئی) سی پی آئی (ایم) کے سینیئر لیڈر اور پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) کے ترجمان محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ کل جماعتی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمیں بغور سنا لیکن مطالبات پورا کرنے اور گوناگوں خدشات کا ازالہ کرنے کی کوئی ٹھوس یقین دہانی نہیں کرائی۔
مسٹر تاریگامی نے نئی دہلی سے یو این آئی اردو کو فون پر بتایا: ‘جہاں تک بات، توقعات یا میٹنگ سے کیا نکل کر آیا ہے، کی ہے پہلی بات یہ ہے کہ ہمیں بولنے کا موقع ملا ہے اور دوسری بات یہ ہے کہ ہمیں اپنے مطالبات و خدشات پر وزیر اعظم کی طرف سے کوئی ٹھوس یقین دہانی نہیں ملی ہے۔ میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہوں گا۔’
انہوں نے کہا: ‘میں نے وزیر اعظم سے کہا کہ آپ نے میٹنگ بلائی اور ہمیں بولنے کا موقع دیا جو ایک قابل تحسین اقدام ہے لیکن اچھا یہ ہوتا اگر ایسی ایک میٹنگ پانچ اگست 2019 کے فیصلے لئے جانے سے قبل بلائی جاتی’۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا آنے والے دنوں میں سری نگر میں پی اے جی ڈی کی کوئی میٹنگ متوقع ہے تو ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ہم دہلی میں ہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘میں ہفتے کو سری نگر کے لئے روانہ ہو جائوں گا۔ باقی لیڈران کا کیا پروگرام ہے میں نہیں جانتا۔ میں نے کسی سے پوچھا بھی نہیں’۔
یو این آئی