فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لئے کریش کورس کا آغاز

فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لئے کریش کورس کا آغاز

نئی دہلی 18 جون (یواین آئی) وزیراعظم نریندرمودی نے جمعہ کو کہا کہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے اوراس کے میوٹیشن کاامکان برقرار ہے جس کے پیش نظر ملک کے لوگوں کو ہرچیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا ہوگا مسٹرمودی نے جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کووڈ19 فرنٹ لائن ورکرز کے لئے ’اسپیشل کریش کورس‘ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔

یہ تربیتی پروگرام 26 ریاستوں کے 111 مراکز میں چلایاجائے گا۔ اس اقدام کے تحت تقریباً ایک لاکھ فرنٹ لائن کے ورکرز کو تربیت دی جائے گی۔ اس موقع پرہنرمندی اور کاروبار کے فروغ کے وزیرڈاکٹر مہیندرناتھ پانڈے، متعدد دیگر مرکزی وزراء، ریاستی وزراء، ماہرین اوردیگر اسٹیک ہولڈر موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ شروعات کورونا سے لڑنے کا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ وائرس ابھی موجود ہے اوراس کے میوٹیشن کا امکان برقرار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وبا کی دوسری لہر نے یہ بتادیا ہے کہ وائرس کیسے کیسے چیلنجز ہمیں دے سکتا ہے۔ ملک کو ہر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیاررہناچاہیے اورایک لاکھ سے زیادہ فرنٹ لائن کے جانبازوں کی تربیت اسی سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔

وزیراعظم نے یادلایا کہ وبا نے دنیا کے ہرملک، انسٹی ٹیوٹ، سماج، خاندان اورلوگوں کے حوصلے کو آزمایا ہے۔ ساتھ ہی اس سے ہم چوکنے بھی ہوئے ہیں کہ ہمیں سائنس، حکومت، انسٹی ٹیوٹ یاشخص کی سطح پر اپنی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک نے یہ چیلنج قبول کیا۔ کووڈ کے علاج اورنگہداشت کے شعبے میں پی پی کٹ، جانچ اور دیگر میڈیکل ڈھانچے میں ہماری موجودہ حیثیت اس بات کی گواہ ہے کہ ہم نے اس سمت میں کتنی کوشش کی ہے۔ مسٹر مودی نے بتایا کہ دوردراز کے علاقوں میں موجود اسپتالوں کو وینٹیلیٹر اورآکسیجن کنسنٹریٹر مہیا کرائے جارہے ہیں۔

جنگی سطح پر 1500 سے زیادہ آکسیجن پلانٹ لگائے جارہے ہیں۔ ان تمام کوششوں کے درمیان، ہنرمند افرادی قوت بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں اورکورونا جانبازوں کی موجودہ فوج کو تعاون دینے کے لئے ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ تربیت دو تین ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔

یواین آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.