کورونا سے پھر چار ہزار سے زیادہ اموات، کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے کم
کورونا وائرس کی دوسری لہر کمزور پڑ گئی ہے اور یومیہ نئے کیسز کی تعداد لگاتار ایک لاکھ کے نیچے برقرار ہے، تاہم اموات کی تعداد میں کمی نہیں آ رہی ہے اور ایک دن میں پھر سے چار ہزار سے زیادہ اموات واقع ہوئی ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 84332 نئے کیسز درج کئے گئے۔ کورونا کیسز کی یہ تعداد گزشتہ 70 دنوں میں سب سے کم ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 121311 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 4002 مریضوں نے دم توڑ دیا۔ تاحال مجموعی طور پر ملک بھر میں 367081 اموات واقع ہو چکی ہیں۔ جبکہ 29359155 افراد کورونا کو مات دے چکے ہیں۔
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا کی دوسری لہر کے دوران جان گنوانے والے ڈاکٹروں کے حوالہ سے اعداد و شمار جاری کئے ہیں۔ آئی ایم اے کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے دوران ملک بھر سے 719 ڈاکٹروں کی جان چلی گئی۔ سب سے زیادہ 111 ڈاکٹروں بہار میں فوت ہوئے۔ اس کے بعد دہلی میں 109 ڈاکٹروں کی جان گئی۔ اتر پردیش میں 79 ڈاکٹروں نے اپنی جان گنوائی۔